نئی دہلی، 12؍مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد اور ان کی بیٹی اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ میسا بھارتی کی طرف سے کچھ فرضی کمپنیوں کے ذریعے قومی دارالحکومت میں کم قیمت میں کروڑوں کی زمین خریدنے کے معاملے کا ایک پرائیوٹ نیوز چینل کی طرف سے انکشاف کئے جانے پر بی جے پی نے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار پر نشانہ سادھا ہے۔پارٹی نے نتیش سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نائب وزیر اعلی اور کابینہ کے ایک اور وزیر کے خلاف اسپیشل کورٹ ایکٹ کے تحت کارروائی کر کے ان کی جائیداد ضبط کرائیں۔بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے کہا کہ بہار کے نائب وزیر اعلی اور ایک وزیر جس طرح پیسہ کما کر کروڑوں کی زمین خرید رہے ہیں ،تو کیا وزیر اعلی ان دونوں لوگوں کے خلاف ریاست کے اسپیشل کورٹ ایکٹ کے تحت کارروائی کرکے ان کی جائیداد ضبط کرائیں گے؟اس کے ساتھ ہی روی شنکر نے مرکزی الیکشن کمیشن سے بھی مطالبہ کیا کہ آر جے ڈی سربراہ کی بیٹی میسا بھارتی نے راجیہ سبھا انتخابات میں پرچہ نامزدگی کے وقت جس طرح حقائق کو چھپایا اور جائیداد کی مکمل تفصیلات پیش نہیں کی ، اس کا نوٹس لیتے ہوئے وہ مناسب کارروائی کرے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ میسا کی دہلی میں واقع املاک کی حکو مت ہند نوٹس لے جانچ کرائے گی۔مرکزی وزیر نے نیوز چینل کے انکشاف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں لالو کے خاندان کے کچھ لوگوں نے کروڑوں کی زمین فرضی کمپنیوں کے ذریعے بہت ہی کم قیمت میں خرید ی ہے ، یہ کام مشتبہ کمپنیوں کے شیئر کی خرید و فروخت کی آڑ میں کیا گیاہے ، لالو کی بڑی بیٹی اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ میسا بھارتی اور داماد شیلیش کمار ان الزامات کے گھیرے میں ہیں۔راجدھانی دہلی میں ان کی طرف سے ایک کروڑ 41لاکھ روپے میں خریدی گئی کئی جائیداد کی قیمت 100کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔